ممبئی،یکم ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرافورڈ مارکیٹ چکلہ لین کے قریب جے جے فلائی اوور کے نیچے پیر شام کو ہوئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 4 لوگ ہلاک ہوگئے، جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پیر شام قریب 9؍ بجے یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک اسٹیم کار بے قابو ہوتے ہوئے 7 سے 8 راہگیروں کو مچلتے ہوئے ایک ہوٹل میں گھس گئی۔
حادثہ کے فوراً بعد تمام متاثرین کو جے جے اسپتال لے جایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے 4؍کے مردہ ہونے کی تصدیق کردی - زخمی ہونے والوں میں ندیم شمیم انصاری، محمد حنیف اور جوئے نامی شخص شامل ہیں۔
اطلاع کے مطابق کار کے ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اور اسے بھی علاج کےلئے جے اسپتال لے جایاگیا ہے ۔ مرنے والے 4؍افراد میں سے ایک کی شناخت سرجا نائیڈو کے طور پر ہوئی ہےجو سائن کولی واڑہ کی جھوپڑ پٹی میں رہتی تھی اور ہمیشہ چکلہ کے قریب بیٹھ کر بھیک مانگتی تھی۔ فوت ہونے دیگر افراد سے متعلق پولیس تفصیلات اکٹھا کررہی ہے۔اسپتال میں موجود زخمیوں کے رشتہ داروں میں سے زخمی ندیم شمیم انصاری کے رشتہ دار مبین انصاری نے بتایا کہ وہ بنگالی پورہ میں رہتے ہیں۔ حادثہ کے وقت وہ ہوٹل سے کھانا لے رہے تھے ۔ زخمی محمد حنیف کے رشتہ دار کے مطابق وہ جنتا ہوٹل میں ملازمت کرتا تھا اور حادثہ کے وقت ہوٹل کے باہر موجود تھا ۔اس حادثہ میں بری طرح زخمی ہونے والاجوئے جنتا ہوٹل کے قریب فٹ پاتھ پر بیگ کا ٹھیلہ لگاتا تھا - حادثے کے بعد سوشیل میڈیا پر فوٹوز اور جائے وقوع کی وڈیو کلپس وائرل ہوگئی جس میں بعض لوگوں نے بتایا کہ ڈرائیور شراب کے نشے میں دھت تھا، اور کارکافی فاصلے سے ہی 2 خواتین کو ٹکر مارتے ہوئے ان کو گھسیٹتے ہوئے ہوٹل میں گھس گئی تھی۔